11 نومبر 2026 - 09:35
یمنی افواج نے سعودی عرب کے خالد ایئرپورٹ اور ریاض کا مالیاتی مرکز نشانہ بنایا

یمن کی مسلح افواج نے (منگل) سعودی عرب کی جارحیت اور یمنی عوام کے خلاف مسلسل جرائم کے جواب میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے چار فوجی کارروائیاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کارروائیوں میں سعودی عرب کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض میں مشرق سے مغرب جانے والی تیل کی پائپ لائن کے متعدد پمپنگ اسٹیشنز، بقیق میں آرامکو کمپنی، المضاربہ اور رأس العارہ میں فوجی اجتماعات اور ریاض کا مالیاتی مرکز نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) عالمی خبر ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی جارحیت اور یمنی عوام کے خلاف اس کے مسلسل جرائم کے جواب میں چار فوجی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی جرائم کی تازہ مثال تعز کے الحضارہ بازار میں دکانداروں اور خریداروں کے خلاف جنگی طیاروں اور امریکی ساختہ GBU-12 بموں سے کیا جانے والا ہولناک حملہ، نیز بنی حشیش ضلع کے ایک پورے گاؤں کو امریکی GBU-12 اور GBU-38 بموں سے تباہ کرنا ہے۔

یمنی مسلح افواج کے بیان کے مطابق، پہلی کارروائی میں سعودی دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مشرق سے مغرب جانے والی پائپ لائن کے متعدد پمپنگ اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اہداف پر براہِ راست حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور نشانہ بنائے گئے مقامات کو نقصان پہنچا۔

دوسری کارروائی میں بقیق کے مقام پر آرامکو کمپنی کو نشانہ بنایا گیا۔ یمنی مسلح افواج کے مطابق، یہ کارروائی اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب رہی۔

تیسری کارروائی میں المضاربہ اور رأس العارہ کے علاقوں میں سعودی فوجی اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق، ان اجتماعات کی نگرانی سعودی افسر بدر الحربی کر رہا تھا اور اس کارروائی میں بڑی تعداد میں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

چوتھی کارروائی میں سعودی دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی دشمن کی جانب سے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانے کے جواب میں کی گئی۔

یمن کی مسلح افواج نے تمام سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا سرمایہ سعودی عرب میں نہ رکھیں اور اسے پُرامن اور محفوظ ممالک منتقل کر دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کے خلاف جارحیت اور محاصرے کے خاتمے تک سعودی عرب سرمایہ کاری کے لیے ایک غیر محفوظ ملک رہے گا۔

یمنی مسلح افواج نے سعودی دشمن کے اس نئے دعوے کو بھی بڑا جھوٹ قرار دیا کہ یمن نے مدینہ منورہ میں مشرق سے مغرب جانے والی تیل کی پائپ لائن کو نشانہ بنایا ہے۔ بیان میں وضاحت کی گئی کہ یمنی کارروائی کا ہدف سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع مشرق سے مغرب جانے والی پائپ لائن تھی، نہ کہ مدینہ منورہ میں موجود پائپ لائن۔

بیان کے اختتام پر زور دیا گیا کہ یمنی مسلح افواج سعودی عرب کے اندر مزید کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ یہ کارروائیاں ’’محاصرے کے مقابلے میں محاصرہ اور شدت کے مقابلے میں شدت‘‘ کی حکمتِ عملی کے تحت اور سعودی دشمن کے فوجی اجتماعات اور افسران کو نشانہ بنانے کے لیے کی جائیں گی، تاکہ جارحیت رکوانے اور ملک سے محاصرہ ختم کرانے کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha